اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی خطرناک حد تک بڑھ چکی ہے اور صورتحال کسی بڑے تصادم کی طرف جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے نیلم جہلم پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا، جس پر خاموش رہنا ممکن نہیں۔
نجی ٹی وی “آج نیوز” کے مطابق اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ یہ ایک سنجیدہ اور نازک صورتحال ہے، اور ایسے حملے کا لازمی طور پر جواب دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اس معاملے پر قوم اور پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیں گے۔
وزیر دفاع نے مزید بتایا کہ مسلح افواج کو بھرپور اختیار دیا جا چکا ہے کہ وہ اس حملے کا جواب دیں، اور افواج خود اس جوابی کارروائی کی حکمت عملی ترتیب دیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ رات ہم نے دشمن کو ایسا جواب دیا ہے کہ مودی حکومت کے پاس اب کچھ نہیں بچا۔ امکان ہے کہ بھارت اس صورتِ حال سے توجہ ہٹانے کے لیے کوئی نیا اقدام کرے۔
خواجہ آصف نے زور دیا کہ پاکستان نے اپنی جوابی کارروائی میں صرف بھارتی فوجی اہداف کو نشانہ بنایا ہے، جب کہ بھارت نے جان بوجھ کر عام شہری علاقوں کو نشانہ بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے چھ سے سات مقامات پر بے بنیاد الزامات کے تحت حملے کیے۔ صورتحال بظاہر کشیدگی میں کمی کی طرف نہیں جا رہی، اور پاکستان کی آئندہ حکمت عملی فی الحال ظاہر نہیں کی جا سکتی۔