اسلام آباد(این این آئی) پاکستان میں منعقدہ ایس سی او کانفرنس شرکت کیلئے مختلف سربراہان حکومت 15 اکتوبر کواسلام آباد پہنچیں گے۔میڈیارپورٹ کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کا23 واں سربراہان اجلاس 15 اور 16 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوگا ،ایس سی اوسمٹ کیلئے سربراہان حکومت 15 اکتوبر کو اسلام آباد پہنچیں گے اور 15 اکتوبر کی شام میزبان وزیراعظم کی جانب سے مہمانوں کے اعزازمیں عشائیہ دیا جائے گا۔اجلاس میں ایس سی او کے 10 رکن ممالک شریک ہوں گے ، درجن بھر وزرائے اعظم اور صدور اسلام آبادمیں ہوں گے جبکہ بڑی تعداد میں وفد اور 200 سے زائد غیرملکی صحافی آئیں گے۔
منگولیا بطور مبصر اور ترکمانستان کے مندوبین بطور خصوصی مہمان شرکت کریں گے جبکہ اجلاس میں چین کے وزیراعظم لی چیانگ اور روسی وزیراعظم میخائل میشوسٹن شریک ہوں گے اور ایران کے اول نائب صدر محمد رضا عارف اور بھارتی وزیرخارجہ جے شنکر بھی شرکت کریں گے۔اسلام آباد میں 16 اکتوبرکی صبح ایس سی او کانفرنس کا باقاعدہ آغاز ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف ایس سی او سمٹ کی صدارت کریں گے۔
ایس سی او اجلاس سے وزیراعظم ودیگرسربراہان اورنمائندے خطاب کریں گے، اجلاس کے بعد ایس سی او ممالک کی طرف سے مفاہمتی یادداشتوں پردستخط ہوں گے۔ایس سی او اجلاس میں معیشت،تجارت ،باہمی روابط کیفروغ پرتوجہ مرکوز کی جائے گی ، پاکستان کے بعد روس شنگھائی تعاون تنظیم کی صدارت سنبھالے گا۔