لندن/چکوال(این این آئی) مسلم لیگ (ن)کے سربراہ اور سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا ہے کہ آنے والے عام انتخابات میں پارٹی کی انتخابی مہم کی قیادت میں خود کروں گا اور اس حوالے سے پارٹی رہنمائوں سے مشاورت مکمل کرلی گئی ہے، مسلم لیگ (ن)اپنا بیانیہ2013سے2018تک کی کارکردگی کو بنائے گی اور کس طرح ایک منتخب حکومت کیخلاف سازش کر کے ملک کی ترقی کو روکا گیا وہ سب عوام کے سامنے لایا جائے گا اور بے ملک کے باشعور عوام یہ جان چکے ہیں کہ ملک کو موجودہ تباہی کے دہانے پر کس نے پہنچایا ہے۔
وہ حلقہ این اے60کے امیدوار سجاد خان سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے لندن میں نواز شریف سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سابق وزیراعظم شہباز شریف بھی موجود تھے۔ سجادخان نے میاں نواز شریف کو بتایا کہ ایک طے شدہ منصوبے کے تحت2018کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو ہرایاگیا تھا جبکہ ضمنی الیکشن میں رات کو گولے مار کر اپنی کامیابی کاجشن منا کر سویا تھا مگر صبح اٹھا تو مجھے دو سوووٹوں سے ہرادیاگیا تھا۔ میاں نواز شریف نے کہا کہ ان شاء اللہ عوام مسلم لیگ ن کیساتھ ہیں اور مسلم لیگ ن آنے انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کرے گی۔