اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کو گرفتار کرلیا گیا۔پی ٹی آئی کے مطابق شاہ محمود قریشی کو اسلام آباد میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا۔ذرائع نے بتایا کہ کہ شاہ محمود قریشی کو وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے)کے ہیڈ کوارٹر منتقل کیا گیا، شاہ محمود قریشی کو سائفر کے معاملے پر گرفتار کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے مطابق وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی ایک بار پھر غیرقانی طور پر گرفتار ہوئے ہیں۔اس سے قبل اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شاہ محمود قریشی نے غیر ملکی سفیروں سے ملاقات کی تصدیق کی تھی۔پریس کانفرنس میں پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ ان کی امریکی سفیر سمیت مختلف ممالک کے سفیروں سے ملاقات ہوئی لیکن اس ملاقات میں چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی یا سائفر سے متعلق کوئی بات نہیں ہوئی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ انتخابات میں تاخیری حربے اختیار کرنے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔
انہوںنے کہاکہ تحریک انصاف مردم شماری سے متعلق مشترکہ مفادات کونسل فیصلوں کو چیلنج کرے گی۔ سینیٹر علی ظفر 90 دن میں انتخابات کے لیے درخواست سپریم کورٹ میں جمع کروائیں گے۔ سلمان اکرم راجہ سی سی آئی کے فیصلوں کو چیلنج کرنے سپریم کورٹ جائیں گے۔