اسلام آباد (این این آئی)ملک میں ایل پی جی مافیا بے لگام اوگرا قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ،ایل پی جی کی مصنوعی قلت پیدا کر کے من مانی قیمت وصول کرنے کا منصوبہ سامنے آگیا ،ایل پی جی ایسوسی ایشن کی جانب سے معاملے پر نگران وزیراعظم کو خط لکھ دیا گیا جس میں کہاگیاکہ سرکاری ٹرمینل ایس ایس جی سی بھی بلیک مارکیٹنگ کا حصہ بن گیا۔
ایسوسی ایشن کے مطابق ایل پی جی کے 2 جہاز پورٹ قاسم پر موجود، گیس اتارنے کی اجازت نہیں دی جا رہی،چند روز قبل ایل پی جی کا جہاز الماہا 1 ماہ 20 دن بعد گیس اتارے بغیر ہی روانہ ہو گیا تھا۔عرفان کھوکھر نے اپنے خط میں کہاکہ الماہ جہاز کے پورٹ قاسم رکنے پر کمپنی کو 4 لاکھ 80 ہزار ڈالرز کا نقصان کا سامنا کرنا پڑا،گزشتہ ایک ہفتے میں مارکیٹنگ کمپنیوں نے دو بار خود ساختہ قیمتوں میں اضافہ کیا،ایل پی جی کی مارکیٹ میں قیمتوں کو مزید بڑھانے کیلئے شارٹیج پیدا ہوگی۔ایسوسی ایشن کے مطابق چیئرمین پورٹ قاسم اور چیئرمین اوگرا سے اعلی سطح کی تحقیقات کرائی جائیں۔