اسلام آباد (نیوز ڈیسک) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، پاکستان نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے دشمن کی جارحیت کا مؤثر طور پر جواب دیتے ہوئے اب تک 25 اسرائیلی ساخت کے “ہیروپ” ڈرونز کو تباہ کر دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت کی جانب سے 6 اور 7 مئی کو کیے گئے حملے، جن میں پانچ جدید جنگی طیارے، ڈرونز اور کئی پوسٹیں تباہ ہوئیں اور بھارتی فوج کو جانی نقصان بھی اٹھانا پڑا، کے بعد دشمن نے بوکھلاہٹ میں مزید حملے کیے۔ انہی حملوں کے تسلسل میں بھارت نے اسرائیلی ساختہ ڈرونز کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان میں داخل ہونے کی کوشش کی، جو مکمل طور پر ناکام بنا دی گئی۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ لائن آف کنٹرول پر بھی دشمن کو واضح اور مسلسل نقصان اٹھانا پڑ رہا ہے۔ پاکستانی علاقوں میں گرنے والے ہیروپ ڈرونز کا ملبہ اکٹھا کیا جا رہا ہے، جو بھارتی عزائم کی گواہی دے رہا ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نہ صرف دشمن کے عزائم کو ناکام بنا رہی ہیں بلکہ ہر سطح پر بھرپور ردعمل دے رہی ہیں۔ دشمن کی ہر کوشش کو ناکام بنایا جا رہا ہے اور پاک فوج مکمل طور پر چوکس ہے۔