اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم عمران خان کی کابینہ کے ارکان کی تعداد کم ہو کر 50رہ گئی ہے۔روزنامہ جنگ میں رانا غلام قادر کی شائع خبر کے مطابق کابینہ میں بدستور 18غیر منتخب شخصیات شامل ہیں۔ وفاقی وزرا کی تعداد
28ہے جن میں ایک غیر منتخب وفاقی وزیر بھی شامل ہیں ۔ندیم افضل چن کے استعفیٰ کی منظوری کے بعد معاونین خصوصی 15 رہ گئے ہیں۔معاونین خصوصی میں13غیرمنتخب شخصیات شامل ہیں۔وزیراعظم کے تمام 4مشیر بھی غیرمنتخب ہیں ،کابینہ میں وزرائے مملکت کی تعداد 3 ہے۔دوسری جانب وزیراعظم نے ندیم افضل چن کا استعفیٰ منظور کر لیا۔کابینہ ڈویژن نے استعفیٰ کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ندیم افضل گوندل کا بطور معاون خصوصی استعفیٰ منظور کیا گیا ۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ندیم افضل گوندل کے استعفیٰ کا اطلاق فوری طور پر ہو گا ۔یاد رہے وفاقی وزرا کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کو یہ مشورہ دیا گیا تھا کہ وہ ندیم افضل چن کا استعفیٰ نہ منظور کریں ، قبل ازیں ندیم افضل چن نے سانحہ مچھ کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے بیان جاری کیا تھا ۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر جاری بیان میں ندیم افضل چن نے کہا کہ اے بے یار و مدد گار معصوم مزدوروں کی لاشو، میں شرمندہ ہوں۔