اسلام آباد(این این آئی)وفاقی کابینہ میں رد و بدل کے بعد شیخ رشید سے وزارت ریلوے سے ہٹا کر وزیرداخلہ بنا دیا گیا۔جمعہ کو وفاقی کابینہ میں بڑی سطح پر رد وبدل کی گئی ہے، اور وفاقی وزیر شیخ رشید سے وزارت ریلوے کا منصب لے کر وزیرداخلہ بنا دیا گیا ہے،ان کی
جگہ وزارت ریلوے اعظم سواتی کو دے دی گئی ہے۔اعجاز شاہ سے وزیرداخلہ کا قلمدان لے کر انہیں وزیر انسداد منشیات کا منصب دیا گیا ہے، اس سے پہلے وزارت منشیات کا منصب اعظم سواتی کے پاس تھا۔اس سے قبل مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ کو وفاقی وزیر خزانہ کا قلمدان دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق حفیظ شیخ کے بعد مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد اور معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کو بھی 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر بنایا جاسکتا ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم آئین کے آرٹیکل 91 کے تحت کسی غیر منتخب شخص کو 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر مقرر کرسکتے ہیں،عبدالحفیظ شیخ، عبدالرزاق داؤد اور ڈاکٹر فیصل سلطان کو مارچ 2021 میں سینیٹر بنائے جانے کا امکان ہے، سینیٹر منتخب ہونے کے بعد تینوں مشیر وفاقی وزیر بن سکتے ہیں۔دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماوں کا اجلاس ہوا، جس میں ملکی موجودہ سیاسی اور معاشی صورتحال حال پر مشاورت کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان سے وزیرداخلہ شیخ رشید اور وفاقی وزیر برائے انسداد منشیات اعجاز شاہ نے بھی ملاقات کی، اور وزیراعظم نے وزرا کو کابینہ میں ہونے والی حالیہ تبدیلیوں پر بھی اعتماد میں لیا۔