اسلام آباد(آن لائن)وزیراعظم عمران خان کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر فوٹوگرافر کو کریڈٹ دئیے گئے بغیر گلگت بلتستان کی تصاویر شیئر کرنے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ سے گلگت بلتستان کے دلکش مناظر کی تصاویر
شیئر کی گئی تھیں۔اس کے ساتھ ہی ٹوئٹ کے کیپشن میں لکھا گیا تھا کہ ‘موسم سرما کے آغاز سے قبل گلگت بلتستان کے رنگ، جو کرہ ارض پر میری پسندیدہ جگہوں میں سے ایک ہے’۔وزیراعظم کی اس ٹوئٹ کو بہت زیادہ پسند کیا گیا اور اسے ٹوئٹر صارفین کی ایک بڑی تعداد نے لائیک اور ری ٹوئٹ کیا تھا۔تاہم ایک فوٹوگرافر کی جانب سے وزیراعظم کی ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا گیا کہ ان کی تصویر کو کریڈٹ نہیں دیا گیا۔اسمار فوٹوگرافی کے ٹوئٹر ہینڈل نے لکھا کہ ‘سر میری تصویر شیئر کرنے کا شکریہ لیکن یہ بہت اچھا ہوتا اگر واٹر مارک کو کروپ (crop) نہ کیا گیا ہوتا اور مجھے کریڈٹ دیا گیا ہوتا’۔فوٹوگرافر کی اس ٹوئٹ کے بعد اکثر صارفین کے درمیان وزیراعظم کی جانب سے تصاویر کو کریڈٹ نہ دینے پر بحث شروع ہوگئی۔