اسلام آباد (این این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی ہر فورم حمایت جاری رکھے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکومتی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاکہ دنیا نے دیکھ لیا بھارت مقبوضہ کشمیر میں حالات نارمل ہونے سے متعلق جھوٹ بولتا رہا۔ وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کشمیریوں کی ہر فورم
حمایت جاری رکھے گا۔انہوں نے کہاکہ 27 ستمبر کو کشمیر کا سفیر بن کر جنرل اسمبلی میں خطاب کروں گا۔ وزیراعظم نے کہاکہ موجودہ حکومت کی کوششوں کی بدولت مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر ہوا، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سفارتی رابطوں سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ ذرائع کے مطابق شاہ محمود نے کہاکہ دنیا کو بتادیا بھارت مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق پامال کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی زیر صدارت ترجمانوں کا اجلاس 2 گھنٹے تک جاری رہا۔