کراچی( آن لائن) سال نو کے آغاز پر شہرقائد میں دہشت گردی کا منصوبہ پولیس نے ناکام بنادیا، 2دستی بم اور بارود سے بھری موٹرسائیکل برآمد کرلی گئی۔تفصیلات کے مطابق کراچی دہشت گرد حملے سے بچ گیا، پولیس نے پی آئی بی کالونی سے 2دستی بم اور بارود سے بھری موٹرسائیکل برآمد کرلی، جبکہ 5مشکوک افراد بھی گرفتار ہوئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران پولیس پر منشیات فروشوں نے دستی بم سے حملہ بھی کیا ،تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
5مشکوک افراد حراست میں لے لیے گئے۔ڈی آئی جی عامر فاروقی کے مطابق بم ڈسپوزل سکواڈ نے بم ناکارہ بنا دیا اور بارود سے بھری موٹرسائیکل کوکلیئرکر دیا گیا ہے، اطلاع تھی بارود سے بھری گاڑی تیارکی گئی ہے، گاڑی کو نیوایئر پر کہیں استعمال کیا جانا تھا، پولیس نے آپریشن کرکے موٹر سائیکل برآمد کرلی۔ڈی آئی جی کا کہنا تھا کہ بارود کے ساتھ کیلیں بھی استعمال کی گئی ہیں، موٹر سائیکل کی ٹنکی میں بم تیار کیا گیا تھا، موٹر سائیکل چوری کی ہے، 8 سے 10 کلو گرام بارودی مواد استعمال کیا گیا تھا۔