فیصل آباد/ ملتان (نیوز ڈیسک)پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کی ریکٹر اسکیل پر شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی‘ زلزلہ سے خوف و ہراس پھیل گیا‘ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے گھروں سے باہر نکل آئے۔ تفصیلات کے مطابق عید کے دوسرے روز پنجاب کے شہروں فیصل آباد، ملتان، بہاولپور اور اوچ شریف سمیت کئی شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔
زلزلے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور عوام اپنے گھروں سے باہر نکل آئے۔امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق پنجاب میں آنے والے زلزلے کی شدت 5.2 ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کا مرکز ڈیرہ غازی خان سے 42 کلومیٹر دور مغرب میں تھا اور اس کی گہرائی زیر زمین 10 کلومیٹر تھی۔زلزلے کے باعث تاحال کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔