لندن (آئی این پی)سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں ایک بار پھر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں وہ مصنوعی تنفس (وینٹی لیٹر) پر ہیں اور ڈاکٹروں کے مطابق آئندہ 24 گھنٹے انتہائی اہم ہیں۔بیگم کلثوم نواز کو گھر پر چیک کرنے والے ڈاکٹرز نے گزشتہ روز ان کا معائنہ کرنے کے بعد کمزوری کے باعث انہیں اسپتال منتقل کرنے کا مشورہ دیا تھا جس کے بعد سابق خاتون اول کو اسپتال منتقل کیا گیا۔کلثوم نواز کو گزشتہ رات طبیعت خراب ہونے پر اسپتال کے
ایمرجنسی یونٹ منتقل کیا گیا تھا، جہاں سے پھر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ (آئی سی یو) شفٹ کیا گیا، آئی سی یو میں کلثوم نواز دل کی تکلیف کے باعث گر پڑیں، جس کے بعد انہیں مصنوعی تنفس پر منتقل کردیا گیا۔کلثوم نواز کی صاحبزادی مریم نواز نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں بتایا کہ ان کی والدہ کو اْس وقت اچانک دل کا دورہ پڑا، جب وہ لندن جانے والی پرواز میں تھے۔مریم نواز نے مزید بتایا کہ ان کی والدہ اب آئی سی یو میں وینٹی لیٹر پر ہیں، ساتھ ہی انہوں نے قوم سے دعاؤں کی بھی اپیل کی۔