اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)اقربا پروری کی ایک اور مثال سامنے آگئی ۔نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب حسن عسکری نے اپنے ہی رشتے دار کو پنجاب کا نگراں وزیر خزانہ لگا دیا۔نجی ٹی وی کے مطابق ضیا ایچ رضوی حسن عسکری کے قریبی رشتے دار ہیں جنہیں نگراں وزیر خزانہ پنجاب کا قلمدان سونپا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ماضی میں پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت مبینہ طور پراپنوں کو نوازتی تھی۔نوازشریف پر بھی اس طرح کے الزامات عائد کئے جاتے رہے لیکن نگران سیٹ اپ کی جانب سے اس طرح کے اقدام کے بعدنئے سوالوں نے جنم لیا ہے ۔یادرہے کہ حسن عسکری کے نگران وزیر اعلیٰ پنجاب مقرر کرنے کا فیصلہ الیکشن کمیشن کی جانب سے کیا گیا تھا ۔ان کا نام اپوزیشن کی جانب سے دیا گیا تھا ۔ ن لیگ کی جانب سے اس فیصلے پر شدید ردعمل آیا تھا۔ادھر نگران وفاقی کابینہ میں شامل شمشاد اختر اور اعظم کو اضافی قلمدان سونپ دیا گیا جب کہ عبداللہ حسین ہارون سے نیشنل سیکیورٹی ڈویژن کا قلمدان واپس لے لیا گیا۔نگران وفاقی وزیر خزانہ ڈاکٹر شمشاد اختر کو وزارت نجکاری اور وزیرداخلہ محمد اعظم خان کو وزارت ہاسنگ اینڈ ورکس کا اضافی قلمدان سونپ دیا گیا ہے۔ وزیر خارجہ عبداللہ حسین ہارون کو دیا گیا نیشنل سیکورٹی ڈویژن کا قلمدان واپس لے لیا گیا ہے۔ وفاقی وزرا سے قلمدان واپس لینے اور اضافی قلمدان کا اطلاق 8 جون 2018 سے ہوگا جس کا کابینہ ڈویژن کی جانب سے نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔نگران کابینہ میں شامل وزیر خارجہ عبداللہ حسین ہارون اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب رہ چکے ہیں، سندھ اسمبلی کے رکن رہنے کے ساتھ اپوزیشن لیڈر بھی رہ چکے ہیں۔ عبداللہ حسین ہارون سندھ اسمبلی میں چیئرمین قائمہ کمیٹی خزانہ اور قواعد و ضوابط کی بھی ذمہ داریاں بھی ادا کرچکے ہیں۔