اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)نگران وزیر اعظم جسٹس (ر)ناصر الملک نے زلفی بخاری کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے معاملے پر وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ترجمان وزیراعظم ہاس کے مطابق نگران وزیر اعظم جسٹس (ر)ناصر الملک نے عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کا نام ای سی ایل سے نکال کر عمرہ کی ادائیگی کیلئے جانے کی اجازت دینے کے معاملے کا نوٹس لے لیا اور انہوں نے وزارت داخلہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
خیال رہے کہ پیر کے روز چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اپنی اہلیہ کے ہمراہ ادائیگی عمرہ کے لئے اسلام آباد ایئرپورٹ پر پہنچے تو زلفی بخاری بھی ان کے ساتھ تھے۔ ایف آئی اے نے زلفی بخاری کو جہاز میں سوار ہو نے سے روک دیا اور بتایا کہ ان کا نام ای سی ایل میں ہے وہ نہیں جاسکتے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق عمران خان نے مبینہ طور پر فون پر کسی بالا شخصیت سے بات کی جس کے بعد زلفی بخاری کو طیارے میں جانے کی اجازت دے دی گئی تھی۔