اسلام آباد(آن لائن) احتساب عدالت میں ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں مسلم لیگ(ن) کے رہنما مصدق ملک کے فون کی گھنٹی بجنے پر احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے مصدق ملک پر 2000 روپے جرمانہ عائد کر دیا جبکہ جرمانہ ایدھی سنٹر میں جمع کروا کر رسید کل عدالت میں جمع کروانے کاحکم دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق ایون فیلڈ ریفرنس کی سماعت کے دوران کمرہ عدالت میں مسلم لیگ کے رہنما مصدق ملک کے فون کی
گھنٹی بجنے پر عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے دو ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔جرمانہ ایدھی سنٹر میں جمع کروا کر رسید آج منگل کے روز عدالت میں پیش کرنے کا حکم دے دیا گیا جبکہ عدالتی عملے نے مصدق ملک کا فون بند کروایا ۔ واضح رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ(ن) کے سینیٹر چودھری تنویر پر بھی کمرہ عدالت میں فون کی گھنٹی بجنے کے باعث دو ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جا چکا ہے جبکہ مائزہ حمید کا موبائل فون عدالت نے ضبط ہی کر لیا تھا ۔