اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)عام انتخابات 2018ء کی حتمی تاریخ کا اعلان کر دیا گیا ہے، پورے ملک میں عام انتخابات 25 جولائی کو ہوں گے، ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق صدر پاکستان ممنون حسین نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی طرف سے بھجوائی گئی سمری پر دستخط کر دیے ہیں، واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے انتخابات کے لیے 25، 26 اور 27 جولائی کی تاریخیں تجویز کی تھیں اور بھجوائی گئی سمری میں صدر مملکت سے الیکشن ایکٹ 2017 کے
سیکشن 57 (1) کے تحت آئندہ عام انتخابات کے لیے ایک تاریخ چننے کے لیے کہا گیا تھا جس پر صدر مملکت ممنون حسین نے 25 جولائی کی تاریخ منتخب کی۔ سندھ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان اسمبلیوں کی مدت 28 مئی کو پوری ہو جائے گی جبکہ قومی اسمبلی اور پنجاب اسمبلی کی مدت 31 مئی کو ختم ہو جائے گی۔ یاد رہے کہ آئین کے آرٹیکل 224 کے تحت قومی و صوبائی اسمبلیوں کے انتخابات ان کی مدت پوری ہونے کے 60 روز کے اندر کرانا لازمی ہے۔