اسلام آباد (این این آئی)چوہدری نثار علی خان اوعمران خان کے درمیان جمعرات کو قومی اسمبلی میں ملاقات ہوئی۔ دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کے ساتھ مصافحہ کیا اور خوشگوار انداز میں ایک دوسرے کے ساتھ بات چیت کرتے رہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی 31ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے دوران ایوان میں موجود رہے۔ جمعرات کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی جب ایوان میں آئےتو سب سے پہلے وہ اپوزیشن نشستوں پر گئے ٗانہوں نے قائد حزب اختلاف سید
خورشید احمد شاہ ‘ عمران خان‘ سید نوید قمر اور شاہ محمود قریشی سمیت دیگر سے مصافحہ کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم اور چوہدری نثار علی خان کافی دیر تک گفتگو کرتے رہے۔ ایک موقع پر وزیراعظم کے ساتھ قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ‘ سید نوید قمر اور دیگر نے تصاویر بنوائیں۔اسمبلی کے اجلاس میں چوہدری نثار علی خان اور عمران خان ملاقات کے وقت توجہ کامرکز بنے رہے اور اراکین اسمبلی اس بارے میں گفتگو کرتے پائے گئے خاص طورپر ن لیگ کے اراکین میں اس وقت شدید بے چینی پائی گئی۔