بونیر(نیوز ڈیسک)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد ٗسابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ اس شخص کو غدار کہا گیا جو ملک کیلئے مرتا ہے ٗاگر میں غدار ہوں تو ایک قومی کمیشن بنایا جائے ٗمجھے بھی بلایا جائے اور دوسرے لوگوں کو بھی بلایا جائے، تحقیقات کی جائے ٗ کمیشن کی رپورٹ پوری قوم کے سامنے رکھی جائے پھر جو بھی مجرم ثابت ہو اسے سر عام پھانسی پر لٹکایا جائے ٗخیبر پختونخوا میں ہماری حکومت آئی تو صوبے کی تقدیر بدل دیں گے ٗ
چیئرمین نیب کو ہم اس طرح نہیں چھوڑیں گے، منی لانڈرنگ پر بھی کمیشن بننا چاہیے ٗعوام کے ووٹ کی حرمت کو پامال نہیں ہونے دوں گا۔ پیر کو بونیر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ عمران خان نے کے پی کیلئے کچھ نہیں کیا ٗسوات کے لوگوں سے جب پوچھا تو انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے ہمیں ذلیل و رسوا کیا اور صوبے میں کوئی ترقی نہیں ہوئی۔سابق وزیر اعظم نے کہاکہ اگر ہماری حکومت ہوتی تو بونیر میں موٹر وے بن چکی ہوتی لیکن اگر ابھی نہیں بنی تو 2018 کے بعد بن جائے گی۔نواز شریف نے کہا کہ ہم نے قوم کے ساتھ جو بھی وعدے کیے پورے کیے، دہشت گردوں کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر مقابلہ کیا اور امن قائم کرنے کا وعدہ پورا کیا، پاکستان کی ترقی کا وعدہ پورا کیا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے آپ کو دھوکا دیا ،عمران خان نے بونیر کے لیے کیا کیا ؟ ٗانہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ہماری حکومت آئی تو صوبے کی تقدیر بدل دیں گے۔سابق وزیراعظم نے کہا کہ اس شخص کو غدار کہا گیا جو ملک کیلئے مرتا ہے، اگر میں غدار ہوں تو پھر ایک قومی کمیشن بنایا جائے، مجھے بھی بلایا جائے اور دوسرے لوگوں کو بھی بلایا جائے، تحقیقات کی جائے اور کمیشن کی رپورٹ پوری قوم کے سامنے رکھی جائے، پھر جو بھی مجرم ثابت ہو اسے سر عام پھانسی پر لٹکایا جائے۔نواز شریف ے کہا کہ چیئرمین نیب کو ہم اس طرح نہیں چھوڑیں گے، منی لانڈرنگ پر بھی کمیشن بننا چاہیے اور چیئرمین نیب کو بھی اس میں بلایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف ہمیشہ اپنے وعدے کی لاج رکھتا ہے اور میں عوام کے ووٹ کی حرمت کو پامال نہیں ہونے دوں گا۔ انہوں نے کہاکہ اب کسی کی مجال نہیں ہوسکتی کہ وہ ووٹ کی عزت کو اپنے پاؤں تلے روندے اور اگر آپ چاہتے ہیں کہ میری نااہلی ختم ہو تو پھر ن لیگ کو اتنے ووٹ دو کہ تاریخ میں کس کو نہ ملے ہوں ۔سابق وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان دنیامیں تنہا ہوتا جارہا ہے ،یہ میرا ملک ہے ہم سب کا ملک ہے یہ کسی ایک کی اجارہ داری نہیں ،ہم ایسی تمام طاقتوں کا مقابلہ کریں گے جو میرے وطن کو نقصان پہنچاتی ہیں ۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کے لیے ایٹمی دھماکے کرنا غداری ہے یا محب الوطنی جبکہ یہاں تو الٹی گنگا بہہ رہی ہے اور ہم نے تو اس کے سامنے بندھ باندھ دیا ہے ۔ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ اتنا بڑا بونیر نہیں جتنا بڑا نواز شریف کا جلسہ ہورہا ہے، 30 سال سے نوازشریف اورعوام کا رشتہ ہر روز گہرا اور بڑھتا جارہا ہے یہی وجہ ہے کہ یہ رشتہ ختم کرنیکی کوشش کامیاب نہیں ہوگی۔انہوں نے کہا کہ ’’ملک میں دو دن سے ڈرامہ چل رہا ہے جس کی وجہ سے ان کی حالت پر رحم آتا ہے کیونکہ انہوں نے پہلے کرپشن کا الزام لگا کر دیکھ لیا ٗ
تاحیات نا اہل کرکے بھی دیکھ لیا، مذہبی کارڈ بھی آزما کر دیکھ لیا لیکن وہ سب ڈرامے نہیں چلے تو اب اپنے ڈبے سے غداری کا کارڈ نکالا ہے۔انہوں نے کہا کہ جس نے ساری دنیا کی مخالفت مول لے کر بھارت کے جواب میں ایٹمی دھماکے کیے اور اربوں کی پیش کشیں ٹھکرا کر ملک کو ناقابل تسخیر بنایا، کیا غدار ایسے ہوتے ہیں؟انہوں نے کہا کہ نواز شریف اس مٹی کا بیٹا ہے، بار بار عوام کا ووٹ ملنا حب الوطنی کا سب سے بڑا ثبوت ہے، اسے حب الوطنی کیلئے کسی سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف کو غدار کہنے والے پہلے نواز شریف جیسا محب وطن ڈھونڈ کر دکھائیں۔
انہوں نے کہاکہ جو ڈر گیا وہ لاڈلہ اور جو ڈٹ گیا وہ غدار ، عوام اس پروپیگنڈے کا جواب 2018 کے الیکشن میں ووٹ کے ذریعے دیں گے۔ مریم نواز نے کہاکہ آپ کے ووٹ سے آنے والے وزیراعظم پرغداری کے فتوے منظور ہیں؟ووٹ کی پرچی سے وزیراعظم بناتے ہو ٗایم پی اے بناتے ہووہ ووٹ کی طاقت نہیں ہوتی وہ آپ کی طاقت ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف غدار اور جنہوں نے پاکستان کو دہشتگردی کے اندھیروں میں دھکیلا، امریکہ کو قوم کی بیٹی بیچ دی ٗججز کو بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا، کراچی کو خون میں نہلایا وہ محب وطن ہوگیا۔