لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) احد چیمہ جو کہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں کرپشن کی وجہ سے گرفتار ہیں اور احد چیمہ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ شہباز شریف کے قریبی سرکاری افسر ہیں۔ ایک نجی ٹی وی چینل نے احد چیمہ کے بارے میں دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ بطور سیکرٹری ہائر ایجوکیشن میں بھی کرپشن میں مبینہ طور پر ملوث پائے گئے ہیں۔ ٹی وی ذرائع کا کہنا ہے کہ احد چیمہ کے خلاف نیب نے بطور سیکرٹری ہائیر ایجوکیشن بھی کرپشن کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور احد چیمہ کے لیپ ٹاپ سے انتہائی اہم
دستاویزات حاصل کر لی گئی ہیں۔ ان دستاویزات سے معلوم ہوا ہے کہ احد چیمہ مبینہ طور پر لیپ ٹاپ سکیم میں بھی کرپشن میں ملوث ہیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ لیپ ٹاپ سکیم کے لیے 20 ہزار کا لیپ ٹاپ خریدا گیا اور اس کی رسید 38 ہزار روپے کی بنوائی گئی جبکہ متعلقہ کمپنی کو ایک ارب 65 کروڑ روپے ادا کیے گئے جو کہ طے شدہ رقم سے کئی گنا زیادہ ہے۔ ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ان کے لیپ ٹاپ سے مبینہ طور پر کی گئی تمام ادائیگیوں کی تفصیلات حاصل کر لی گئی ہیں اور اس پر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔