اسلام آباد (آ ئی این پی ،سی پی پی)سابق رکن قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے مسلم لیگ (ن) کو چھوڑ کرتحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر دیا، عمران خان نے عمر ایوب کی تحریک انصاف میں شمولیت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ۔ ہفتہ کو سابق رکن قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کی جس میں انہوں نے تحریک انصاف میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کر کے تحریک انصاف کی قیادت
اور منشور پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اس موقع پر وزیر اعلی پختونخوا پرویز خٹک بھی موجود تھے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے عمر ایوب کے تحریک انصاف میں شمولیت کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ۔دریں اثنا پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ شریف باپ بیٹی عوام کو بے وقوف بنانا بند کر دیں،قوم جانتی ہے کہ انصاف کی فراہمی صرف عدلیہ کی ذمہ داری ہے ،ریاستی اداروں کا کام کرپشن کو بے نقاب کر کے کارروائی کرنا ہوتا ہے جبکہ عوام ووٹ کے ذریعے اپنے نمائندوں کا انتخاب کرتے ہیں۔اپنے تازہ ٹوئٹرپیغام میں انہوں نے کہا کہ یہ دونوں بار بار عوامی عدالت میں جانے کا اعلان کر رہے ہیں۔ سب جانتے ہیں کہ جمہوریت میں عوام ووٹ سے نمائندوں کا انتخاب کرتے ہیں لیکن انصاف کی فراہمی عدلیہ ہی کی ذمہ داری ہے۔ عمران خان نے کہا کہ ریاستی اداروں کا کام کرپشن کو بے نقاب کر کے کارروائی کرنا ہوتا ہے۔ شریفوں کی منطق ہے کہ جو ایک بار ووٹ لے کرکسی عہدے پر آجائے تو وہ ہر قسم کے قانون سے مبرا ہو جاتا ہے۔ان کو دیکھنا چاہئیے کہ کیسے جنوبی افریقہ میں افریقن نیشنل کانگریس نے کرپشن کی بنیاد پر ایک لیڈر زوما کو گھر بھیج دیا تھا۔ اسرائیل کے وزیراعظم نیتن یاہو وزیر اعظم ہونے کے باوجود پولیس کی جانب سے کرپشن کی تحقیقات کا سامنا کر رہے ہیں۔ عہدے کی وجہ سے وہ قانون سے بالاتر نہیں ہوئے۔