لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے لندن سے واپسی کے بعد پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتوں اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے مشاورت کا سلسلہ شروع کردیا۔ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ،وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق اورمرکزی رہنما سینیٹر پرویز رشید نے جاتی امراء رائے ونڈ میں سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کر کے ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے تبادلہ خیال کیا۔
اسپیکر ایاز صادق نے ملاقات میں حلقہ بندیوں اور فاٹا اصلاحات پر بریفنگ دی۔ نجی ٹی وی کے مطابق اس موقع پر بات کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ بروقت انتخابات کیلئے سب کو سنجیدگی ظاہر کرنی چاہئے، جمہوری اداروں کے استحکام اور قانون کی بالا دستی کو فوقیت دی جانی چاہیے۔اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے سابق وزیر اعظم کو حلقہ بندیوں اور فاٹا اصلاحات پر ترمیم سمیت دیگر ایشوز پر بریفنگ دی۔ انہوں نے سابق وزیر اعظم کو ملکی حالات اور پارلیمنٹ کے اندر پیدا شدہ رجحانات پر اعتماد میں لیا اور بتایا کہ وہ تمام سیاسی قوتوں سے رابطے میں ہیں اور جلد قانون سازی کے مکمل ہونے کی امید رکھتے ہیں۔سابق وزیر اعظم نے سردار ایاز صادق کو ہدایت کی کہ جمہوریت کی مضبوطی کے لئے سیاسی قوتوں سے رابطے موثر بنائے جائیں اور اہم ایشوز پر سیاسی قیادت کو اعتماد میں لے کر آگے بڑھا جائے۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ بروقت انتخابات کے لئے سب کو سنجیدگی ظاہر کرنی چاہیے اور جمہوری اداروں کے استحکام اور قانون کی بالا دستی کو فوقیت دی جانی چاہیے۔سردار ایاز صادق کی جانب سے بیگم کلثوم نواز کی صحت کے حوالے سے سوال پر نواز شریف کا کہنا تھا کہ بیگم کلثوم نواز تیزی سے صحتیاب ہو رہی ہیں، دعا کریں کہ وہ جلد از جلد مکمل صحتیاب ہو جائیں۔سابق وزیر اعظم نواز شریف سے سعد رفیق اور پرویز رشید نے ملاقات کر کے مجموعی صورتحال اور آئندہ کے لائحہ عمل بارے تبادلہ خیال کیا۔اس موقع پر سپریم کورٹ کی جانب سے حالیہ دنوں میں سامنے آنے والے فیصلوں پر بھی گفتگو کی گئی ۔بتایاگیا ہے کہ ملاقات کے دوران عوامی رابطہ مہم کے سلسلے میں ملک کے مختلف حصوں میں جلسوں کے شیڈول کے حوالے سے بھی گفتگو کی گئی اور اس میں تیزی لانے کا فیصلہ کیا گیا ۔