اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) مسلم لیگ (ن) کے حنیف عباسی نے علیم خان کو عمران خان کی دوسری اے ٹی ایم قرار دے دیا، تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ وہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران کی نااہلی کے لیے نظرثانی کی درخواست دائر کریں گے، اس موقع پر انہوں نے کہا کہ جہانگیر ترین جو کہ عمران خان کی ایک اے ٹی ایم تھی اس کا خاتمہ ہمارے ہاتھ سے ہوا ہے،
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی دوسری اے ٹی ایم علیم خان ہیں، اگر جہاز جہانگیر ترین کا ہوتا تھا تو اس میں تیل علیم خان کی طرف سے ہوتا تھا۔ حنیف عباسی نے پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما علیم خان محکمہ زراعت کی زمین پر پلازہ بنا رہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے رہنما علیم خان کے خلاف سپریم کورٹ میں کیس چل رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کی علیم خان کے خلاف دو ایف آئی آر میرے پاس موجود ہیں، ان ایف آئی آر کی وجہ سے علیم خان نے ایک میں 26کروڑ اوردوسری میں 36 کروڑ واپس کرنے کا کہا۔ انہوں نے کہا کہ علیم خان نے لوگوں کی جیبوں پر اربوں روپے کے ڈاکے مارے ہیں، علیم خان عمران خان کی دوسری اے ٹی ایم ہیں، حنیف عباسی نے کہا کہ عمران خان نے گزشتہ جلسہ میں کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو لاہور میں گھسیٹیں گے۔ حنیف عباسی نے اس موقع پر کہا کہ آئندہ انتخابات میں شہباز شریف کا کارکن علیم خان سے مقابلہ کرے گا۔انہوں نے کہا کہ عمران خان پوری جماعت ایک جواء ہے ۔اپنی پریس کانفرنس میں عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے عدالت میں لے جاؤ اگر ایسا نہ کیا تو میں آپ کو عدالت میں لے جاؤں گا۔