لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، مری اور گلیات سمیت پہاڑی سلسلوں پر بھی خوب برفباری ہوگی۔ملک کے بیشتر علاقوں میں سردی کی شدید لہر اتوار کو بھی برقرار رہی جبکہ محکمہ موسمیات نے کل ( منگل) سے شمالی اور بالائی علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی بھی کر دی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے مختلف حصوں میں حالیہ بارشوں اور برف باری کے بعد موسم شدید سرد رہا ۔کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی چارجبکہ مری میں منفی ایک ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق 19 دسمبر سے ملک کے شمالی اور بالائی علاقوں میں بارشیں برسیں گی۔ منگل
سے جمعرات تک اسلام آباد ، راولپنڈی، قلات ڈویژن سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، مری اور گلیات سمیت پہاڑی سلسلوں پر بھی خوب برفباری ہوگی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا جبکہ پنجاب کے بعض میدانی علاقوں اور بالائی سندھ میں صبح کے وقت دھند پڑنے کا امکان ہے۔ گزشتہ روز ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات کوئٹہ، قلات اور کالام کا درجہ حرارت منفی 8 ، مالم جبہ منفی 6، پارہ چنار اور گوپس منفی 5 جبکہ استور میں درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔