لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سربراہ وسابق صدر مملکت آصف علی زرداری اورسینئر سیاستدان سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کے درمیان لاہور میں ہونے والی ملاقات کے بعد مستقبل کے حوالے سے کسی بھی طرح کی پیشرفت پر مکمل خاموشی ہے ۔سابق صدر مملکت آصف زرداری نے 17اکتوبر کو (ن) لیگ کی قیادت سے نالاں سینئر سیاستدان سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ سے لاہور میں
انکی رہائشگاہ پر ملاقات کر کے انہیں شمولیت کی دعوت دی تھی جس کے جواب میں ذوالفقار کھوسہ نے ساتھیوں سے مشاورت کے لئے وقت مانگتے ہوئے کہا تھاکہ جب ہم فیصلہ کریں گے تو مایوس نہیں کریں گے ۔کسی جماعت کے سربراہ کا میرے گھر آنا میرے لئے اعزاز کی بات ہے ۔دو ماہ کا عرصہ گزرنے کے باوجوددونوں طرف سے تاحال کوئی پیشرفت سامنے نہیں آسکی اور اس پر مکمل خاموشی ہے ۔