اسلام آباد(اے این این ) سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ ملکی سیکیورٹی صورتحال پر 19 دسمبر کو سینیٹ کمیٹی کو بریفنگ دیں گے۔سیکرٹری سینیٹ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ منگل کو سینیٹ کی پورے ایوان پر مشتمل ہول کمیٹی کو علاقائی سیکیورٹی صورتحال پر بنائے جانے والی حکمت عملی اور
امریکی کردار پر ان کیمرا بریفنگ دیں گے۔آرمی چیف ڈی جی ملٹری آپریشنز کے ہمراہ پورے ایوان کی کمیٹی کو پاکستان کے لیے پیدا ہوتی قومی سیکورٹی کی صورتحال خصوصا ان کے حالیہ بیرون ممالک دوروں اور موجودہ صورت حال پر ایوان کو اگاہ کریں گے ۔ذرائع کے مطابق آرمی چیف حالیہ دورہ سعودی عرب اور ایران کے حوالے سے بھی ایوان کو بریف کریں گے ۔اعلامیے کے مطابق سینیٹ چیمبر ہال میں منگل کے روز صبح 10 بجے سینیٹ کمیٹی کا ان کیمرا اجلاس ہوگا جس میں سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی ملٹری آپریشن بریفنگ دیں گے۔ آرمی چیف کے ہمراہ ڈی جی ملٹری آپریشن بھی سینیٹ کے پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کو سیکورٹی صورتحال سے آگاہ کریں گے۔سینیٹ کی پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی کا اجلاس منگل کو صبح دس بجے طلب کر لیا گیا ہے ۔ پورے ایوان پر مشتمل کمیٹی خطے خصوصا امریکاکے کردار کے حوالے سے پالیسی گائیڈ لائنز تیار کر رہی ہے۔