اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) سپریم کورٹ عمران خان اور جہانگیر ترین نااہلی کیس کا فیصلہ آج سنائے گی۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سپریم کورٹ آج عمران خان اور جہانگیر ترین نااہلی کیس کا فیصلہ آج آج دوپہر 2 بجے سنائے گی۔ چیئرمین عمران خان اور سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی جہانگیر ترین کے خلاف سپریم کورٹ میں ن لیگ کے رہنما حنیف عباسی نے دو درخواست دائر کر رکھی تھیں ۔
واضح رہے کہ عمران خان کی نا اہلی کیس کے دوران چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا تھا کہ دیکھنا یہ ہے کہ کیا عمران خان بے ایمان آدمی ہیں کہ نہیں جب کہ برسوں بعد کاروباری لین دین میں قانون کی خلاف ورزی پر کسی کو نااہل کیسے کردیں؟ بعد ازاں عدالت نے کیس کا فیصلہ محفوظ کرلیا تھا۔ حنیف عباسی نےاپنی دائر درخواستوں پر موقف اختیار کیا تھا کہ عمران خان کو آرٹیکل 62، 63کے تحت نا اہل قرار دیا جائے کیونکہ انہوں نے 2013ء میں اپنے کاغذات نامزدگی میں بنی گالہ کی اراضی سے متعلق جھوٹ بولاہے جبکہ فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ سے چل رہی ہے جس کی قانون اجازت نہیں دیتا اور ایسی پارٹی ملکی قانون کے تحت انتخابات نہیں لڑ سکتی۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے اعلان کیا ہے کہ آج عمران خان اور جہانگیر ترین نا اہلی کیس کا فیصلہ سننے عدالت میں نہیں جائیں گے ۔نجی نیوز چینل جیو نیوز کے مطابق پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ چیئرمین عمران خان اور جہانگیر خان ترین کراچی میں سیاسی سرگرمیوں میںمصروف ہیں لہٰذا وہ آج عدالت میں کیس کا فیصلہ سننے نہیں جا سکیں گے جبکہ فیصلہ سننے کیلئے فواد چوہدری سمیت دیگر پارٹی رہنما سپریم کورٹ جائیں گے۔ ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ
عمران خان اور جہانگیر ترین سیاسی مصروفیات کے باعث کراچی میں ہیں اس لیے وہ عدالت میں نہیں جائیں گے ۔انہوں نے بتا یا کہ فیصلہ سننے کے لیے فواد چودھری سمیت دیگر پارٹی رہنما سپریم کورٹ جائیں گے ۔