اسلام آباد (سی پی پی) اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم پر کیپٹن صفدر کاموبائل فون قبضے میں لے لیاگیا جبکہ ایک ہزار روپے جرمانہ بھی کردیاگیا، وہ کمرہ عدالت میں موبائل فون استعمال کررہے تھے۔ نجی ٹی وی کے مطابق نیب کی اپیل کی سماعت کے دوران کیپٹن صفدر جسٹس محسن اختر کیانی کی عدالت میں موبائل فون استعمال کررہے تھے جس پر عدالت نے ان کی سرزنش کی اور کہاکہ آپ کو پتہ نہیں، عدالت میں بیٹھے ہوئے ہیں،
کیا آپ پارک میں بیٹھے ہیں؟ عدالت نے عملے کو حکم دیا کہ ان سے موبائل فون لے لیں اور کیپٹن صفدر کو حکم دیا کہ ایک ہزار روپے بارفنڈ میں بطور جرمانہ جمع کرائیں، عدالتی حکم پر عمل کرتے ہوئے ان سے موبائل فون لے لیاگیاتاہم سماعت کے اختتام پر کیپٹن صفدر نے ججز سے معافی مانگ لی جس پر جسٹس محسن اخترکیانی کاکہناتھاکہ آپ کو عدالت کا احترام کرناچاہیے ، تحریری معافی نامہ جمع کرائیں۔