اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق صدر پرویز مشرف نے کہا ہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے کارگل معاملے پر فوج کی بے عزتی کرائی ، شریف برادران ملک نہیں چلا سکتے۔ نواز شریف نے کرپشن کی ہے تو مقدمات کا سامنا کریں۔ مجھے کیوں نکالا اور میرے اثاثے آمدن سے زائد ہیں تو تمہیں کیا ؟
نواز شریف کے یہ فقرے مذاق بن چکے ہیں ، مجھ پر جعلی مقدمات بنائے گئے۔ بدھ کے روز نجی ٹی وی کوانٹرویو دیتے ہوئے آل پاکستان مسلم لیگ کے صدر وسابق صدر مملکت پرویز مشردف نے کہا کہ نواز شریف نے کئی موقوں پر ملک کی بے عزتی کی ہے۔ کارگل کے معاملے پر بھی نواز شریف نے فوج کی بے عزتی کرائی ، نواز شریف کی فوج کے کسی جنرل سے نہیں بنی ۔انہوں نے کہا کہ شریف برادران ملک نہیں چلا سکتے ، ملکی معیشت تباہ ہوگئی ہے، ملک قرضوں پر چل رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے کرپشن کی ہے اب مقدمات کا سامناکریں۔ ، ملکی آئین میں کوئی چیک اینڈ بیلنس موجود نہیں ہے، آئندہ حکومت کو کہوں گا کہ آئین میں چیک اینڈ بیلنس کریں اور الیکشن اصلاحات کریں۔ پرویز مشرف نے کہا کہ میں نے نواز شریف کی طرح ملک کو نہیں لوٹا؟ مجھ پر جعلی پیپرز بنائے گئے ’’مجھے کیوں نکالا ‘‘اور میرے اثاثے آمدن سے زیادہ ہیں تو تمہیں کیا ؟ نواز شریف کے یہ جملے مذاق بن گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ فوج سیاسی معاملات میں دخل اندازی نہیں دے رہی ، فوج کو ملکی سیاسی معاملات میں زبردستی گھسیٹا جارہا ہے ، نواز شریف اپنے پاؤں پر خود کلہاڑی مارنے کے ذمہ دار ہیں ، ملک میں ہر صورت جمہوریت ہونی چاہیے۔