راولپنڈی(اے این این)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں فلسطین کے سفیر ولید اے ایم ابو علی اورسعودی عرب کے نائب وزیردفاع محمدبن عبداللہ العایش نے جنرل ہیڈ کوارٹر زراولپنڈی میں الگ الگ ملاقات کی ۔ فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر)کے مطابق آرمی چیف سے ملاقات کے دوران فلسطینی سفیر نے فلسطین کاز کیلئے پاکستان کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پرآرمی چیف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین
کو پاکستانی قوم کی اخلاقی اور سیاسی حمایت حاصل ہے،دونوں مسئلوں پر اصولی موقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان فلسطین کے حل طلب مسئلے کو مسئلہ کشمیر کی طرح دیکھتا ہے اور کشمیر ایشو کیساتھ مسئلہ فلسطین کا بھی حل چاہتا ہے،نام نہاد قبضے کی حقیقت سے قطع نظر اصولی موقف پر قائم ہیں۔دریں اثناء آرمی چیف سے سعودی عرب کے نائب وزیردفاع محمدبن عبداللہ العایش نے جی ایچ کیومیں ملاقات کی ۔آئی ایس پی آرکے مطابق ملاقات میں علاقائی سلامتی کی صورتحال تبادلہ خیال کیاگیاجبکہ دوطرفہ دفاع تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔سعودی نائب وزیردفاع نے پاک فوج کی پیشہ وارانہ مہارت اورکارکردگی کوسراہا۔میڈیارپورٹ کے مطابق ملاقات میں امریکہ کی طرف سے بیت المقدس کواسرائیل کادارالحکومت تسلیم کئے جانے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیاگیا۔واضح رہے کہ امریکی اعلان سے پاکستان سمیت دنیابھرکے مسلمانوں میں غم وغصہ پایاجاتاہے۔