اکوڑہ خٹک(مانیٹرنگ ڈیسک) جمعیت علماء اسلام کے امیر اور دفاع پاکستان کونسل کے چیئرمین مولانا سمیع الحق نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے بیت المقدس کو دارالحکومت بنا کر عالم اسلام کے سینہ میں خنجر گھونپ دیا ہے اور پوری امت مسلمہ کو للکارا ہے جو ہمارے مسلم حکمرانوں کیلئے ایک چیلنج ہے جبکہ ان میں سے کوئی اس چیلنج پر پورا نہیں اتر سکے گا کیونکہ یہ سب حکمران امریکی کٹھ پتلیاں ہیں۔ اسی لئے میں نے اپنے قابل احترام اکابر علماء
اور مفتیان کرام کی اس رائے سے اختلاف کیا تھا کہ جہاد اسلامی ریاست کے فتوے اور اجازت کے ساتھ مشروط ہے اور آج میں ان حضرات کو چیلنج کرتا ہوں کہ ہمارے قبلہ اول پر قبضہ کے بعد کوئی بھی مسلم حکمران اور ریاست امریکہ کے خلاف جہاد کا اعلان کر دے یا فتویٰ دیدے تو میں اپنی رائے سے رجوع کر لوں گا، مولانا سمیع الحق یہاں اکوڑہ خٹک میں امریکی صدر ٹرمپ کے خلاف اور بیت المقدس کی آزادی کیلئے ایک عظیم الشان مظاہرے سے خطاب کر رہے تھے جو دارالعلوم حقانیہ سے شروع ہو کر شہر کے بازاروں اور جی ٹی روڈ سے گزرتے ہوئے باچا خان چوک میں ایک عظیم جلسہ کی شکل اختیار کر گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ جلسہ سے مولانا حامد الحق حقانی، مولانا عرفان الحق حقانی، مولانا مغفوراللہ ، انجمن تاجران کے صدر حبیب اسلم اور دیگر نے خطاب کیا۔ مولانا سمیع الحق نے کہا کہ ٹرمپ کا یہ اقدام مسلمانوں کی آزمائش ہے اگر اسے مسلمانوں نے ٹنڈے پیٹوں برداشت کیا تو آگے حرمین شریفین باالخصوص خاکم بدہن مدینہ منورہ کی بھی خیر نہیں کہ یہ مقامات تو ان کے گریٹر اسرائیل منصوبے میں شامل ہیں۔ مولانا سمیع الحق نے اس ضمن میں سب سے زیادہ ذمہ داری سعودی عرب کے حکمرانوں پر عائد کی کہ وہ چالیس ممالک کے اسلامی فوجی اتحاد کے ذریعہ اس میں کیا کردار کر رہے ہیں اگر خدانخواستہ یہ اتحاد ٹھس سے مس نہ ہوا تو پھر آخریہ کس مرض کی دوا ہو گا ؟
مولانا سمیع الحق نے کہا کہ ٹرمپ کے اس فیصلے سے فلسطین میں اسرائیل کے دوریاستوں کا منصوبہ عملاً دفن ہو جائے گا۔ مولانا حامد الحق نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کی ایمانی غیرت کبھی بھی اس بات کو گوارا نہیں کرتی کہ قبلہ اول یروشلم کو یہودیوں جیسے باغیوں کے سپرد کیا جائے۔مولانا عرفان الحق نے پاکستانی حکمرانوں کو غیرت دلاتے ہوئے کہا کہ اپنے قبلہ اول سے عقیدت کے اظہار میں امریکی سفارت خانہ کو فوری طور پر بند کیا جائے۔یاد رہے کہ مولانا سمیع الحق کے اپیل پر پورے پاکستان میں دفاع پاکستان کونسل اور جمعیۃ علماء اسلام کے زیر اہتمام خطبات جمعہ میں احتجاج اورپر امن مظاہرے کئے گئے ،مولانا سمیع الحق نے اس سلسلہ میں 12 دسمبر کو اسلام آباد میں آل پارٹیز کانفرنس بھی طلب کر لی ہے جس میں بیت المقدس کے بارہ میں یک نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا اور جس میں ملک کے تمام دینی اور سیاسی پارٹیوں اور اہم تنظیموں اور شخصیات کو دعوت دی جا رہی ہیں۔