اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو سے اُس کی والدہ اور بیوی کو ملاقات کی اجازت دے دی ہے، ملاقات میں بھارتی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو بھی موجود ہونے کی اجازت ہوگی ، ترجمان
دفتر خارجہ کی ہفتہ وار بریفنگ ۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادو سے اُس کی والدہ اور بیوی کو ملاقات کی اجازت دے دی ہےجب کہ ملاقات میں بھارتی ہائی کمیشن کے ایک اہلکار کو بھی موجود ہونے کی اجازت ہوگی اور سب کو مکمل سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہندوستان پاکستان سے لڑ کر کشمیر حاصل نہیں کر سکتا، امریکی وزیر دفاع کے دورے سے قبل سی آئی اے کے ڈائریکٹر کا بیان غیرضروری اور حقائق کے منافی تھا۔ پاکستان سے دہشت گردوں کی پناہ گاہوں کا خاتمہ ہوچکا ہے۔ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالحکومت تسلیم کئے جانے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان کو امریکہ کے اس فیصلے پر سخت تشویش ہے ، اس سے امن نہیں بلکہ خطے میں جنگ کے بادل مزید گہرے ہونگے۔