مقبوضہ بیت المقدس(این این آئی) اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں بمباری کی ہے، مقبوضہ بیت المقدس سے متعلق امریکی اعلان کے بعدخطے میں کشیدگی میں اضافہ ہوگیا۔اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج نے الزام
عائدکیا کہ مزاحمتی تحریک کا اعلان کرنے والی حماس نے دن بھر اسرائیلی علاقے میں پروجیکٹائلز فائر کئے گئے جس کے جواب میں اسرائیلی فوجی کی جانب سے کارروائی کی گئی اور جنگی طیاروںاورٹینک کابھی استعمال کیا گیا۔دریں اثنا اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کی جانب سے اسرائیل پر دو راکٹ داغے گئے تاہم وہ اسرائیلی حدود میں پہنچنے سے قبل ہی گر کر تباہ ہوگئے۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ غزہ سے دو راکٹس اسرائیل کی جانب داغے گئے جو اسرائیلی حدود میں داخل نہیں ہوسکے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ اسرائیل کی جانب آتے ہوئے راکٹس کا سراغ سرحد پر نصب دفاعی سسٹم نے لگالیا اور فوری طور پر سائرن بجنا شروع ہوگئے۔اسرائیلی فوج کے مطابق جنوبی اسرائیل کے علاقائی کونسلز ہوف اشکیلون اور شائر ہانیگیو میں سائرن بجنا شروع ہوئے تو فوجیوں کو ان علاقوں میں سرچ آپریشن کے لیے بھیجا گیا جنہیں وہاں راکٹ گرنے کے کوئی آثار نہیں ملے جس کا مطلب یہ ہے کہ راکٹس اسرائیلی حدود میں داخل ہونے سے پہلے ہی گر کر تباہ ہوگئے۔اس حملے کی ذمہ داری فی الحال کسی تنظیم کی جانب سے نہیں قبول کی گئی۔