لاہور(ویب ڈیسک) ہائیکورٹ نے سانحہ ماڈل ٹاؤن انکوائری رپورٹ منظر عام پر لانے کے فیصلے کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیل مسترد کرتے ہوئے رپورٹ شائع کرنے کا حکم دیدیا۔جس پر مسلم لیگ (ن) نے لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان کردیا ہے۔جیونیوز سے گفتگو کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے رہنما
زعیم قادری نے کہا کہ عدالتی فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں رپورٹ سے کوئی خطرہ نہیں، جے آئی ٹی کی رپورٹ موجود ہے لیکن یہ رپورٹ مکمل نہیں ہے، اگر ہوتی تو اسے منظر عام پر لے آتے تاہم اس حوالے سے سپریم کورٹ جو فیصلہ کرے گی ہم مان لیں گے۔زعیم قادری کا کہنا تھا کہ جو لوگ اس مقدمے میں نامزد تھے ان تمام لوگوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جاچکی ہے، یہ کیس دہشت گردی کی عدالت میں چل رہا ہے، کیس میں جو پولیس اہلکار گرفتار کیے گئے ان کی عدالتوں سے ضمانتیں ہوئیں، یہ کیس اپنے آخری مراحل میں ہے۔انہوں نے پی ٹی آئی کے حوالے سے کہا کہ خواہش کو خبر بنانا پی ٹی آئی کا وطیرہ ہے، وہ دعا کررہے ہیں کہ کسی طرح (ن) لیگ اور نوازشریف میدان سے ہٹ جائیں اور جو لوگ نوازشریف کو وزیراعطم بناتے ہیں وہ دنیا سے غائب ہوجائیں لیکن ایسا ممکن نہیں ہے، سیاست میں خدمت اور محنت کی ضرورت ہوتی ہے۔