اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف سے منحرف رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی جنہوں نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر نازیبا پیغامات کے الزام لگائے تھے کا اب کہنا ہے کہ انہیں کسی پارٹی کا ٹکٹ نہیں چاہیے انتخابات میں وہ عمران خان کا مقابلہ کریں گی، تفصیلات کے مطابق رکن قومی اسمبلی عائشہ گلالئی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وہ آئندہ انتخابات میں عمران خان کے مقابلے میں کھڑی ہوں گی اور اس بارے میں وہ تین چار ماہ تک آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کر دیں گی، انہوں نے مزید کہا کہ فیض آباد کا دھرنا نیک مقصد کے لیے
تھا مگر میں ان کے طریقہ کار سے اتفاق نہیں کرتی کیونکہ سڑکیں بند کر دینا ٹھیک نہیں تھا، انہوں نے کہا کہ پاک آرمی کو خراج تحسین پیش کرنا چاہیے کہ انہوں نے معاملے کو افہام و تفہیم سے حل کرایا، عائشہ گلالئی نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ راجہ ظفر الحق کمیٹی کی رپورٹ جلد از جلد سامنے آنی چاہیے۔ انہوں نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ہر وقت دھرنے اور ہڑتالیں چلتی رہتی ہیں ہمیں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینا چاہیے آخر میں عائشہ گلالئی نے کہا کہ آصف زرداری،نواز شریف اورعمران خان یہ تینوں ملک کے لیے ٹھیک نہیں ہیں۔