اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) 600 سے زائد بینک صارفین کے اکاؤنٹ سے ہیکرز نے پیسے نکال لیے، تفصیلات کے مطابق ایک نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق اے ٹی ایم صارفین لٹ گئے، ملک بھر میں 600 سے زائد صارفین کے اکاؤنٹس خالی ہو گئے ہیں، اے ٹی ایم پر ڈیوائس لگا کر شہریوں کا ڈیٹا اور پاس ورڈ حاصل کیے گئے، ہیکرز نے جعلی اے ٹی ایم کارڈ سے اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کی، یہ گروہ کراچی اور اسلام آباد میں کارروائیاں کر رہا ہے، نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق صارفین کے ایک کروڑ
روپے مختلف مشینوں سے نکالے جا چکے ہیں، ہیکرز ایک ڈیوائس لگاتے ہیں جس سے یہ صارفین کا پاس ورڈ اور ڈیٹا ٹریس کر لیتے ہیں اور یہ تمام ڈیٹا اپنے جعلی اے ٹی اے میں منتقل کر لیتے ہیں اس کے بعد وہ ملک کی کسی بھی اے ٹی ایم مشین سے پیسے نکلوا لیتے ہیں، نجی ٹی وی کے مطابق حبیب بینک نے سٹیٹ بنک اور ایف آئی اے کو اطلاع کر دی ہے اور ان کے خلاف کارروائی بھی شروع کر دی گئی ہے تاہم لوگوں کے لوٹے گئے پیسے کے بارے میں حبیب بنک کا کہنا ہے کہ وہ اپنے صارفین کو تمام پیسے واپس دے گا۔