اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہاہے کہ جاوید ہاشمی اور حکمراں جماعت مل کر جمہوریت کو مضبوط کرنے کے لیے لڑیں گے۔پیر کو پنجاب ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وفاقی وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق نے پنجاب ہاؤس میں
سابق وزیر اعظم نواز شریف اور جاوید ہاشمی کے درمیان ہونے والی ملاقات سے متعلق میڈیا کو آگاہ کیا ، ملاقات میں مسلم لیگ (ن) کے دیگر سینئر رہنما بھی موجود تھے،خواجہ سعد رفیق نے کہاکہ جاوید ہاشمی کی مسلم لیگ (ن)میں شمولیت کااعلان بات چیت کے بعد اگلے مرحلے میں کیا جائیگا اس کا اعلان کیا جائے گا۔ملتان میں ایک مسلم لیگ (ن) کے رہنماء نے بتایا کہ خواجہ سعد رفیق نے جاوید ہاشمی کو واپس پارٹی میں لانے کے لیے قیادت کو منانے میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق، سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کے بہت قریب ہیں اور جب جاوید ہاشمی نے نواز شریف کی جانب سے ان کی پرویز مشرف کے دور میں کی گئی سیاسی جدوجہد کو تسلیم نہ کرنے پر علیحدگی کا اعلان کیا تھا تو خواجہ سعد رفیق ٗان کی پی ٹی آئی میں شمولیت کے باوجود ان سے رابطے میں تھے۔انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق نے قیادت کو جاوید ہاشمی کی اہمیت کا بتاتے ہوئے کہا تھا کہ ملک میں سیاست کی موجودہ صورت حال دیکھتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کو ان جیسے اصل جمہوری شخص کی ضرورت ہے۔