پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا اسمبلی نے سعودی عرب میں پاکستانیوں کی گرفتاری کے خلاف قراردادمتفقہ طور پر منظورکرتے ہوئے وفاقی حکومت سے گرفتارافرادکی رہائی کیلئے سفارتی ذرائع استعمال کرنے کامطالبہ کیاہے۔پیر کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران
پیپلزپارٹی کے رکن ثناء اللہ نے قرادادپیش کی جسکے متن کے مطابق پاکستان کے بہت سے افرادروزی روٹی حلال طریقے سے کمانے کیلئے بیرون ممالک کام کرتے ہیں اوراپنے بچوں کی بہترمستقبل کیلئے دن رات محنت کرتے ہیں ایسی لاکھوں افراد سعودی عرب میں بھی روزگارکے سلسلے میں موجود ہیں اور اپنے ملک کے لئے زرمبادلہ کماتے ہیں لیکن آج کل سعودی عرب حکومت نے بلاجوازپکڑدھکڑشروع کی ہے جس میں لاکھوں پاکستانیوں کوگرفتار کیاجاچکاہے اوران کو جیلوں میں ڈالاجاچکاہے جس سے تمام پاکستانی مشکلات سے دوچار ہیں اورانکے خاندان یہاں پر تشویش میں مبتلا ہیں پاکستانیوں کی دیکھ بھال کی ذمہ داری چونکہ وفاقی حکومت پرعائد ہوتی ہے اس لئے یہ اسمبلی صوبائی حکومت سے سفارش کرتی ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے اس امر کی سفارش کرے کہ سعودی عرب جیلوں میں قید کئے گئے تمام پاکستانیوں کورہا کیاجائے اور اگر ان کے کاغذات میں کچھ خرابی ہو تو سفارتی ذرائع استعمال کرتے ہوئے ان کے خاطرخواہ مدد کی جائے۔