لاہو ر(این این آئی )سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بھارتی جارحیت کے خلاف ملک بھر گیر احتجاج اور ریلیاں نکالنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ کو کالعدم قرار دینے کی دھمکی دینا بھی ریاستی دہشتگردی ہے، حکومت معاملہ فوراًاقوم متحدہ میں لے کر جائے، مقبوضہ کشمیرمیں بھارت جو مظالم ڈھا رہا ہے ان سب کے ثبوت اقوام متحدہ کو دینے چاہئیں اور جنیوا میں انسانی حقوق کمیشن کے پاس مقدمہ دائر کروایا جائے ، بھارت کے پراپیگنڈہ کا موثر جواب دیا جا نا چاہیے۔ان خیالات کااظہار سپریم کو رٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر بیرسٹر سید علی ظفر نے دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ بیرسٹر سید علی ظفرنے کہا کہ مودی سرکار بہت چالاک اور مکاروں سے بھری پڑی ہے جنہوں نے پاکستان کو دنیا میں تنہا کرنے کا منصوبہ بنا یا ہے۔مودی سرکار میں دہشت گرد بیٹھے ہوئے ہیں جنہوں نے پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر رکھا ہے۔لیکن بھارتی جارحیت کے خلاف ہم سب متحدہ ہے اور مل کر بھارت کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملائیں گے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کولڈ وار اسٹریٹجی کے تحت پاکستان پر پابندیاں عائد کرانا چاہتا ہے تاکہ پاکستان تنہا رہ جائے۔علی ظفر نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ سرجیکل اسٹرائیک کی بات کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کا اس بات کی دھمکی دینا کہ سندھ طاس معاہدہ کو کالعدم قرار دیتے ہیں ، اس کی خلاف ورزی کرتے ہیں اوراس کو نہیں مانیں گے ، یہ ریاستی دہشتگردی کے مترادف ہے،حکومت سے مطالبہ کر تا ہوں کہ یہ معاملہ فوراًاقوم متحدہ میں لے کر جائے،مقبوضہ کشمیرمیں بھارت جو مظالم ڈھا رہا ہے ان سب کے ثبوت اقوام متحدہ کو دینے چاہئیں اور جنیوا میں انسانی حقوق کمیشن کے پاس مقدمہ دائر کروایا جائے ،ہما ری حکومت اور وزارت خارجہ کا کردار بہت اہم ہے، ہمیں چاہیے کہ بھارت کے پاکستان مخالف پروپیگنڈہ کا موثر جواب دیںَ۔ بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ بھارت نے بالکل غلط پر اپیگنڈہ شروع کیا ہو اہے اور ایک جنگو کا ماحول پیدا کیا ہواہے جس میں پاکستان بالکل بے قصور ہے ، یہ پراپیگنڈہ مو دی سرکارکی مقبوضہ کشمیر میں قتل وغارت کو چھپانے کے لئے ،پا ک چین اقتصادی راہداری کو نقصان پہنچانے کیلئے اور جو مودی سرکار میں دہشتگرد بیٹھے ہیں ان کو تسلی دینے کیلئے کیا جارہاہے،مو دی حکومت پاکستان کو تنہا کرناچاہتی ہے لیکن بھارت کو جواب دینے کیلئے پو ری پاکستانی قوم تیا رہے،وکلاء پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں ، پاک فوج ملک کا دفاع کرنا اچھی طرح جانتی ہے۔بیرسٹر علی ظفر نے اعلان کیا ہے کہ بھارتی جنگی جنون کے خلاف سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں نکالے گی جس میں تمام بارز کے وکلا شرکت کریں گے۔