اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق گیم چینجر اقتصادی راہداری منصوبے کا اپنا گیم خراب ہونے کا خدشہ پیدا ہوگیا، سیکیورٹی اور مالی مشکلات نے سی پیک توانائی منصوبوں پر سوالیہ نشان لگا دیا، زمین کے حصول میں بھی دشواری کا سامنا ہے۔نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق پورٹ قاسم اور تھرکول منصوبوں پر کام کرنے والی چینی کمپنیوں شنگھائی، سینو ہائیڈرو اور قطری کمپنی مرکاب کیپٹل نے سیکیورٹی خدشات کا اظہار کردیا ہے۔صرف یہ ہی نہیں آزاد کشمیر میں کوہالہ ہائیڈرو اورخیبر پختوانخوا میں سکی کیناری منصوبوں کے لیے زمین ہی نہیں مل رہی، پنڈ دادن خان میں تین سو میگاواٹ کے منصوبے کے اسپانسر چائنہ مشینری انجنئیرنگ کارپوریشن نے ہاتھ اٹھا دیئے ہیں۔دستاویز میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ساہیوال کول پراجیکٹ سمیت مختلف منصوبوں کیلئے مالی انتظامات میں دشواری کا سامنا ہے جس سے توانائی کے آٹھ ہزار میگاواٹ سے زیادہ کے منصوبے تاخیر کا شکار ہونے کا خدشہ ہے۔