واشنگٹن(این این آئی) امریکی سینیٹر جان میک کین نے کہاہے کہ وہ پاکستان کو دہشتگردوں کا معاون ملک قرار دینے کے حوالے سے جو بل امریکی سینیٹ میں موجود ہے وہ پاس نہیں ہونے دیں گے ۔ امریکی سینیٹ میں بل کے پیچھے ایک چھوٹی سے لابی سرگرم ہے،دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کے معترف ہیں،پاکستان دہشت گردی کے عالمی خطرے کے خلاف اپنا کردار ادا کرتا رہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق غیرملکی خبررساں ادارے سے بات چیت میں امریکی سینیٹر جان میک کین نے کہاکہ مذکورہ بل کو پاک امریکا تعلقات میں بگاڑ کے تناظر میں نہیں دیکھنا چاہیے بلکہ اس بل کے پیچھے سینیٹ میں ایک چھوٹی سے لابی سرگرم ہے۔امریکی سینیٹر نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی قربانیوں کا بھی اعتراف کیا ،انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے مسئلے کے حل میں پاکستان کا اہم کردار ہے اور خطے کے امن اور استحکام کے لیے یہ بہتر ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے عالمی خطرے کے خلاف اپنا کردار ادا کرتا رہے۔واضح رہے کہ امریکی سینیٹر ٹیڈ پوئے اور ڈانا روہرابیچر نے امریکی کانگریس میں ایک بل پیش کیا جس میں پاکستان کو دہشت گردوں کی معاونت کرنے والا ملک قرار دینے کا مطالبہ کیا کیا ہے۔بل میں پاکستان کو ایک غیر بھروسے مند اتحادی ملک قرار دیا گیا ہے جس نے برسوں تک امریکا کے دشمنوں کی مدد کی۔