اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم محمد نوازشریف نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھارتی مظالم کوبے نقاب کرنے کے بعد آئندہ کالائحہ عمل طے کرلیاہے ۔ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان اڑی حملہ سے پیدا ہونے والی حالیہ کشیدگی میں لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے آئندہ ہفتہ کے دوران سیاسی و عسکری قیادت کا اعلیٰ سطح کا اجلاس بلائیں گے۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ممکنہ بھارتی جارحیت کےخلاف ملک کی مسلح افواج کی پشت پر کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا جائے گا۔ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں سے بھارت کی ممکنہ جارحیت کے خلاف متفقہ قراردادوں کی منظوری دی جائے گی۔ وزیراعظم نے برطانیہ میں اپنا قیام مختصر کر دیا ہے وہ لندن میں 3 روز قیام کریں گے۔ جبکہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے ٹیکسلا کے جلسے میں بھارت کو واضح پیغام دیا حکومت سے ہمارے اختلاف ایک طرف لیکن ملکی سلامتی کے لئے اکٹھے ہیں۔ پاک بھارت کشیدگی کے بعد ملک میں سیاسی ٹمپریچر بھی کم ہونے کا امکان ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف پارلیمنٹ کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وہ پارلیمنٹ کے ایوان میں ارکان کو دورہ امریکہ اور پاکستان بھارت کشیدگی کے بارے میں اعتماد میں لینگے۔ پارلیمنٹ میں متفقہ قرارداد منظور کی جائے گی جس میں بھارت کو واضح پیغام دیا جائے گا پاکستانی قوم اپنی بہادرا فواج کے ساتھ کھڑی ہے۔