کراچی (این این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف اور کرپشن میں لوگوں کے احتساب سے ہی نیا پاکستان بنے گا ۔سب سے پہلے احتساب نواز شریف کا ہونا چاہیے ۔حکمران ملک میں کرپشن کرکے ملک میں جمہوری ادارے تباہ کررہے ہیں ۔سڑکوں سے نہیں اداروں سے نیا پاکستان بنتا ہے ۔30ستمبر کو رائے ونڈ مارچ سے حکمرانوں کو پاکستان کی طاقت کا علم ہوجائے گا ۔لندن میں بیٹھا ہوا الطاف حسین عسکری ونگ چلاتا ہے اور کراچی کے لوگوں سے بھتہ طلب کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردی کراتا ہے ۔ایم کیو ایم پاکستان نے خود کو بانی متحدہ سے الگ کرلیا ہے ۔اس لیے ہم ایم کیو ایم پاکستان کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔ملک بھر کے عوام سے اپیل ہے کہ وہ 30ستمبر کو رائے ونڈ مارچ میں بھرپور شرکت کریں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو اسلام آباد سے کراچی پہنچنے کے بعد ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔عمران خان نے کہا کہ کرپشن سب سے بڑا ناسور ہے ۔نواز شریف اور ان کی ٹیم کرپشن کرکے ملک کے جمہوری ادارے تباہ کررہے ہیں ۔حکمرانوں کی کرپشن کی وجہ سے ملک میں بے روزگاری پھیل رہی ہے ۔غربت اور مہنگائی میں اضافہ ہوگیا ہے ۔حکمران نعرہ لگاتے ہیں کہ ہم سڑکیں بنارہے ہیں لیکن میں ان کو بتادینا چاہتا ہوں کہ اداروں کی مضبوطی اور کرپشن کے خاتمے سے نیا پاکستان بنتا ہے ۔نواز شریف کا نام پاناما اسکینڈل میں آیا ہے ۔نواز شریف اور ان کا خاندان کرپشن میں ملوث ہے ۔جب تک ملک میں نواز شریف کا احتساب شروع نہیں ہوگا ملک سے کرپشن خاتمہ ناممکن ہے ۔نیب اور ایف آئی اے کرپشن کے خاتمے کے لیے کچھ نہیں کیا ۔سپریم کورٹ کو کرپشن کے خلاف ایکشن لینا چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ ہم ریاستی اداروں پر دباؤ ڈالنے کے لیے تحریک چلارہے ہیں ۔ہماری تحریک کا آغاز ہوگیا ہے ۔30ستمبر کو رائے ونڈ میں بہت جلسہ اور احتجاج کریں گے ۔حکمرانوں کو اندازہ ہوجائے گا کہ تحریک انصاف ملک میں کتنی مقبول ہے ۔تحریک انصاف ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے اور اس کی مقبولیت میں اضافہ ہورہا ہے ۔نواز شریف کی کرپشن کے خلاف تحریک کو جاری رکھا جائے گا ۔ہم چاہتے ہیں کہ سب سے پہلے وزیراعظم نواز شریف کا احتساب ہو۔وزیراعظم کا احتساب شروع ہوگا تو باقی لوگوں کا احتساب خود شروع ہوجائے گا ۔تحریک انصاف کے مارچ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو نتائج کے ذمہ دار حکمران خود ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کی نظریں تحریک انصاف کی طرف ہیں اور عوام چاہتے ہیں کہ کرپٹ حکمرانوں کا احتساب ہو ۔30ستمبر کو عوام پاناما پیپرز کے خلاف تحریک انصاف کے احتجاج میں بھرپور شرکت کریں گے ۔میں پورے پاکستان کے عوام کو دعوت دیتا ہوں کہ وہ 30مارچ کو لاہور کا رخ کریں اور رائے ونڈ مارچ میں شرکت کریں ۔30مارچ کو آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔وزیراعظم کے احتساب اور کرپشن کے خاتمے تک سڑکوں پر احتجاج جاری رکھیں گے ۔کراچی کے جلسے کے حوالے سے عمران خان نے کہاکہ کراچی کے جلسے کا مقصد الطاف حسین کے خلاف احتجاج تھا اور یہ جلسہ منعقد کرکے ہم نے الطاف حسین کے پاکستان مخالف بیان کی بھرپور مذمت کی ہے ۔عمران خان نے کہا کہ الطاف حسین لندن میں بیٹھ کر عسکری ونگ کو کنٹرول کرتا ہے ۔کراچی میں عوام اور تاجروں سے بھتہ وصول کیا جاتا ہے ۔الطاف حسین دہشت گردی کرانے میں ملوث ہے ۔ایم کیو ایم پاکستان کے لوگوں نے بانی متحدہ الطاف حسین اورعسکری ونگ سے خود کو الگ کرلیا ہے ۔ہم ان کو خوش آمدید کہتے ہیں ۔ہماری اور ایم کیو ایم پاکستان کی بہت سی باتیں مشترک ہیں ۔متحدہ پاکستان کے بیانات اور اقدامات کو سراہتا ہوں ۔انہوں نے کہا کہ ساری دنیا میں سیاسی جماعتیں فنڈریزنگ کرتی ہیں ۔تحریک انصاف ملک کی واحد سیاسی جماعت ہے جو جمہوری انداز میں فنڈ ریزنگ کرتی ہے ۔تحریک انصاف الطاف حسین کی طرح بھتہ وصول نہیں کرتی ہے ۔عمران خان نے کہا کہ کراچی کے دورہ کا مقصد رائے ونڈ مارچ کے لیے لوگوں کو دعوت دینا ہے ۔کراچی کے عوام رائے ونڈ مارچ میں بھرپور شرکت کریں گے ۔کراچی کے لوگ جمہوریت پسند ہیں ۔30ستمبر کو رائے ونڈ میں ہونے والا پی ٹی آئی کا مارچ تاریخی اہمیت کا حامل ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کا احتجاج پرامن اور جمہوری انداز میں ہوگا ۔حکمران اس میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش نہ کریں ۔