نئی دہلی(نیوزڈیسک)بھارتی میڈیا نے پاکستان کے خلاف روایتی دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وزیراعظم نوازشریف کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب پر ایسے ایسے تبصرے کئے کہ جس سے صحافت بھی شرما جائے، بھارتی اینکروں کے منہ میں جو آیا وہ پاکستان کے خلاف زہراگلنے میں ایک دوسرے سے بازی لینے میں لگے رہے۔ بھارتی میڈیا نے پاکستان کے ساتھ چین کو بھی نہ بخشا اورکہا کہ پاکستان بھارت میں جو دہشت گردی کررہا ہے اسے اْس پر چین کی حمایت حاصل ہے۔دوسری جانب بھارت کے وزیر مملکت امور خارجہ ایم جے اکبر نے تو وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے برہان وانی کا تذکرہ کرنے پر بھارتی جرائم پر چشم پوشی اختیار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حیرانی کی بات ہے کہ پاکستان ایک دہشت گرد کو ہیرو قرار دے رہا ہے، برہان وانی کی تعریف کرکے پاکستان یہ تسلیم کر رہا ہے کہ وہ دہشت گردی کا حامی ہے۔ اپنی روش پر پردہ ڈالتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ہاتھ میں بندوق رکھ کر بھارت سے بات کرنا چاہتا ہے لیکن دہشت گردی اور دوستی ایک ساتھ نہیں چل سکتی۔