اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے لندن سیکریٹریٹ کے کنوینئر ندیم نصرت نے متحدہ کے تنظیمی ڈھانچے اور تمام شعبہ جات کو تحلیل کرنے کا اعلان کردیا۔خیال رہے کہ گذشتہ روز ایم کیو ایم پاکستان کے چیف ڈاکٹر فاروق ستار نے متحدہ لندن سیکریٹریٹ کے کنوینئر ندیم نصرت کو عہدے سے ہٹانے کا اعلان کیا تھا۔سندھ اسمبلی میں متحدہ قائد کے خلاف منظور کی جانے والی قرار داد کے حوالے سے لندن سے جاری اپنے بیان میں ندیم نصرت نے کہا کہ متحدہ کے بانی کے خلاف قرار داد پیش کرنا انتہائی شرمناک عمل ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ چند ارکان تحریک بچانے کے نام پر وہ اقدامات کررہے ہیں جو تحریک کے مفاد میں نہیں، ایم کیو ایم ایک ہی ہے اور ایک ہی رہے گی، ایم کیو ایم کو ختم کرنے کی کوئی بھی سازش کامیاب نہیں ہوگی۔ندیم نصرت کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے رکن قومی و صوبائی اسمبلی اور سینیٹرز استعفیٰ دے کر دوبارہ الیکشن لڑیں اور متحدہ کے جو ارکان پارلیمنٹ استعفے نہیں دیتے پارٹی کے کارکنان اور ہمدرد ان سے تعلق ختم کردیں۔ان کا کہنا تھا کہ رابطہ کمیٹی کے تمام شعبہ جات نئے سرے سے تشکیل دئیے جائیں گے اور ان فیصلوں کی توثیق متحدہ کے بانی نے کردی ہے۔بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ نئی رابطہ کمیٹی اور تنظیمی ڈھانچے کی تشکیل کے لیے تمام اختیارات ندیم نصرت کو تفویض کردئیے گئے ہیں۔ندیم نصرت کے مذکورہ بیان کے بعد نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ لندن سے چاہے کوئی بھی بیان آئے اس سے فرق نہیں پڑتا، ‘ایم کیو ایم کا کوئی رکن پارلیمنٹ مستعفی نہیں ہوگا’۔