نئی دہلی / اسلا م آ با د (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان اور بھارت کے درمیان لفظی جنگ بڑھتی جا رہی ہے ۔ ذرا ئع کے مطا بق پاکستان اور بھارت کے درمیان تنائو خطرناک سطح کو چھو رہا ہےتاہم پاکستان کی جانب سے یہ واضح کردیا گیا ہے کہ پاکستان کسی بھی حملے کا خاطر خواہ جواب دے گا اور اس کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ادھر آرمی چیف اور وزیر اعظم کی گفتگو میں قوم اور مسلح افواج کی ہر حملے کا زبردست جواب دینے کی صلاحیت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ہے۔ وزیراعظم اور آرمی چیف کے مابین ٹیلی فون پر رابطہ ہوا۔ ٹیلی فون پر وزیراعظم اور آرمی چیف کے مابین مقبوضہ کشمیر اور خطے کی تازہ ترین صورتحال پر بات چیت ہوئی۔ دونوں کے درمیان بھارتی پراپیگنڈے کے معاملے پر بھی بات چیت ہوئی۔ ماہرین اور تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ سیاسی اور عسکری قیادت بھارت کے جارحانہ عزائم کھل کر سامنے آ گئے ہیں ۔ ادھر بھارت کے معروف صحافی و تجزیہ نگار سدھیر چوہدری کے مطابق بھارتی عوام جنگ چاہتی ہے مگر بھارت پاکستان سے جنگ لڑنے کی حماقت نہیں کرے گا۔ بھارتی ٹی وی چینل Zنیوز کےاینکر پرسن سدھیر چوہدری کا کہنا تھا کہ اگر بھارت کی پاکستان کے ساتھ جنگ ہوتی ہے تو بھارت معاشی طور پر اقوام عالم میں بہت پیچھے جا سکتا ہے۔سدھیر چوہدری نے مزید کہا کہ پاکستان کی فضائی طاقت کے سامنے بھارت کچھ بھی نہیں ، توپوں کی کمی کے باعث انڈیا کو پاکستان پر حملہ کرنے کی حماقت نہیں کرنی چاہئے ۔ پاک بھارت جنگ ایک مشکل فیصلہ ہے اور اگر جنگ چھڑ گئی تو نیو کلیئر جنگ بھی چھڑ سکتی ہے ۔ بھارتی تجزیہ نگاروں کے مطابق پاکستان مرنے اور مارنے پر یقین رکھتا ہے اور پاکستان جنگ کی صورت میں کسی صورت جوہری ہتھیاروں کے استعمال سے گریز نہیں کرے گا ۔ مبصرین کا کہنا تھا کہ پاکستان ایٹمی ہتھیاروں کے بٹن پر ہاتھ رکھے ہوئے ہے ۔اور شاید یہی وجہ ہے کہ بھارتی فوجی قیادت اور دفاعی ماہرین کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم پر یہ واضح کر دیا گیا ہے کہ کسی بھی مہم جوئی کی صورت میں نقصان ہر حال میں بھارت کو ہی اٹھانا پڑے گا لہذا مودی اس قسم کے خیالات کو ذہن سے نکال پھینکے ۔