اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وقفے وقفے سے جنگی جہازوں کی پروازیں جاری رہیں، شہری اللہ اکبر اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگا کر لہو گرماتے رہے۔تفصیلات کے مطابق بھارتی دھمکیوں کے بعد پاکستانی سکیورٹی ادارے چوکنے ہوگئے ہیں ۔آج صبح سے ہی جنگی جہاز اسلام آباد کی فضاؤں سے گزر رہے ہیں ۔تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہوسکا کہ یہ کس سلسلے میں پروازیں کر رہے ہیں ۔ ہواؤں کا سینہ چیرتے جہازوں کو دیکھ کرشہریوں میں اپنے وطن پر جان قربان کر نے کا جوش و جذبہ بڑھ گیا ہے ۔کچھ شہریوں نے کہا کہ جنگ تو دور کی بات ہے بھارتی سورما تو ہمارے جے ایف تھنڈر کی آواز سن کر ہی بہیوش ہو جائینگے۔ جنگی جہازوں کی پروازوں سے شہری گھروں سے باہر نکل آئے اور اللہ اکبر اور پاک فوج زندہ باد کے نعرے لگاتے رہے۔نجی ٹی وی رپورٹ کے مطابق جنگی طیاروں کی پروازیں مشقیں بھی ہو سکتی ہیں اور کسی صورتحال سے نمٹنے کی ہنگامی تیاری بھی۔