کراچی (این این آئی) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہارالحسن کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار نے ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہارالحسن کے گھر پر بھاری نفری کے ہمراہ چھاپا مار کرانہیں گرفتار کیا تھا جس پر وزیراعلی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ملیر را ؤانوار کو معطل کرنے اور ایم کیو ایم رہنما خواجہ اظہارالحسن کو رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔وزیراعلی سندھ مرادعلی شاہ نے کہا کہ خواجہ اظہار الحسن کی گرفتاری کا عمل افسوسناک اور راؤ انوار کا طریقہ غلط تھا اس لیے انہیں معطل کیا ہے تاہم ایس ایس پی ملیر نے غلط کیا ہے تو انہیں سزا ملے گی۔واضح رہے کہ نماز جمعہ سے قبل پولیس کی ٹیم نے خواجہ اظہارالحسن کے گھر پر چھاپہ مارا تاہم وہ گھر پرموجود نہیں تھے اس دوران پولیس نے گھر کی تلاشی لی اور واپس چلی گئی جس کے بعد ایس ایس پی ملیر را ؤانوار نے بھاری نفری کے ہمراہ خواجہ اظہار کے گھر پر چھاپہ مار کر انہیں گرفتار کرلیا۔