اسلام آباد(آئی این پی) وزیراعظم نوازشریف سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی ملاقات جس دوران داخلی اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ‘ وزیر اعظم نواز شریف نے آپریشن ضرب عضب پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پاک فوج کی کارکردگی کو سراہا‘ سیاسی و عسکری قیادت نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو وزیر اعظم نوازشریف سے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے وزیر اعظم ہاؤس میں ملاقات کی اس دوران داخلی اور علاقائی سلامتی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیراعظم نوازشریف نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقات میں ملکی سلامتی کی صورت حال پر اطمینان کا اظہار کیا اور ساتھ ہی دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، آرمی چیف اور وزیر اعظم نے کہا کہ دہشتگردوں سے نمٹنے کیلئے اہم اور بڑے فیصلے کرنا ہوں گے۔اس موقع پر وزیراعظم نوازشریف نے دہشت گردی کے خلاف مسلح افواج کے شاندار کردار کو سراہا۔