اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)انسداد دہشت گردی کی عدالت کے منتظم جج نے کراچی کے میئر وسیم اختر کے خلاف پولیس کی حتمی چارج شیٹ کو قبول کرتے ہوئے ان کا کیس سماعت کے لیے اے ٹی سی 150II کو بھیج دیا۔ایئرپورٹ پولیس نے جمعرات 15 ستمبر کو وسیم اختر سمیت دیگر 15 ملزمان کے خلاف 12 مئی 2007 کے قتل عام کی چارج شیٹ عدالت میں پیش کی جبکہ کیس میں مطلوب 16 دیگر ملزمان مفرور ہیں۔چارج شیٹ کے مطابق ملزم وسیم اختر نے تفتیش کے دوران کیس میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا ہے جبکہ ان کی نشاندہی پر ملزم اسلم عرف کالا کو بھی گرفتار کیا گیا۔پولیس نے انسداد دہپشت گردی کی عدالت میں مہاجر قومی موومنٹ کے کارکن کے قتل کے الزام میں گرفتار متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے کارکن احمد سیعد عرف سعید بھرم کے خلاف حتمی چارج شیٹ داخل کرادی۔اطلاعات کے مطابق متحدہ کے کارکن کو رواں سال مارچ میں متحدہ عرب امارات میں گرفتار کیا گیا تھا اور انھیں حریف جماعت کے کارکن ابرار زیدی کے قتل کے شبہ میں 22 جون کو پولیس ریمانڈ میں دینے سے قبل 90 روز کے لیے تفتیش کی غرض سے زیر حراست رکھا گیا تھا۔